کراچی(رپورٹنگ آن لائن)معروف میزبان ندا یاسرنے انکشاف کیاہے کہ پاکستان اسٹڈیز کے ٹیسٹ میں نقل کیلئے ایک لمبا پرچہ بنایا ،استادکے قریب کھڑے ہونے کی وجہ سے استعمال نہ کرسکی۔
تفصیلا ت کے مطابق مارننگ شو پروگرام میں ندا یاسر نے اپنی زندگی کے ایک مزاحیہ مگر سبق آموز واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایاکہ میں نے بہت بیوقوفی کا کام کیا تھا۔ندا یاسر نے بتایا کہ میں نے پاکستان اسٹڈیز کے ٹیسٹ میں نقل کیلئے ایک لمبا پرچہ بنایا لیکن اسے استعمال نہ کر سکی کیونکہ استاد میرے قریب کھڑے تھے۔اداکارہ نے کہا کہ میں نے پریشانی اور الجھن میں نقل کا وہ پرچہ اپنی کاپی میں ہی رکھ دیا، جو استاد کو مل گیا۔
ندا یاسر کے بقول میرے ٹیچر نے وہ پرچہ پوری کلاس کو دکھاتے ہوئے کہا کہ تمہیں تو صحیح سے نقل کرنی بھی نہیں آتی۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ بعد میں سالانہ امتحان میں یاد کیے گئے اہم سوالات میں سے کوئی نہیں آیا، میں باہر گئی،حل شدہ پانچ سالہ کتاب لے کر آئی اور نقل کی کوشش کی مگر استاد نے پھر پکڑ لیا۔ندا یاسر نے بتایا کہ ٹیچر نے مجھے خوب ڈانٹا اور امتحان دینے سے بھی روک دیا،آخر میں جو یاد تھا وہی لکھا۔
ندا یاسر کی اس ویڈیو پر صارفین نے شید تنقید کرتے ہوئے لکھاکہ نقل کی کھلے عام بات کرنا ہمارے تعلیمی نظام کی خرابی کو ظاہر کرتا ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ ٹی وی پر کھلے عام نقل کے قصے سنانا کوئی اچھی بات نہیں۔









