انجمن تاجران

مجوزہ منی بجٹ پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہ لینا تشویش کا باعث ہے ‘آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کا مجوزہ منی بجٹ پر اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اعتماد میںنہ لینا تشویش کا باعث ہے ، قیاس آرائیوں اورافواہوںکی وجہ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں،حکومت کامشاورت کو فروغ دینے سے راہ فرار سمجھ سے بالا تر ہے،صوبائی دارالحکومت کی تمام مارکیٹوںاوربازاروںمیں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق گرینڈ آپریشن کیا جائے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ مجوزہ منی بجٹ کے حوالے سے نہ صرف کاروباری طبقات بلکہ عام عوام میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ مفاد پرست عناصر اس طرح کی فضاء سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں ۔

حکومت کو چاہیے ملک بھر کے چیمبرز،ایسوسی ایشنز،ٹیکس بارز،تاجرتنظیموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکا اجلاس بلا کر انہیں مجوز ہ منی بجٹ پر بریفنگ دے تاکہ قیاس آرائیوں اور افواہوںکا طوفان تھم سکے ۔اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ پہلے ہی کاروبار میںشدید مندی کا رجحان ہے اور رہی سہی کسر تجاوزات نے نکال دی ہے ۔انتظامیہ صوبائی دارالحکومت میں بلاتفریق تجاوزات کیخلاف آپریشن کریں تاجر تنظیمیں اس میںبھرپور تعاون فراہم کریںگی ۔