لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ مغوی کی عدم بازیابی سے متعلق کیس میں ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔جسٹس شہرام سرور چو دھری نے سائلہ آسیہ شاہین کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار نے بھائی افتخار کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
دوران سماعت ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ، پنجاب حکومت کے قانونی افسر کے ہمراہ پیش ہوئے ۔ ڈی پی او نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کابھائی شیخوپورہ پولیس کی تحویل میں نہیں اور دستیاب معلومات کے مطابق وہ کبھی ضلع شیخوپورہ کی حدود میں داخل ہوا ہی نہیں۔ متعلقہ شخص کسی مقدمے میں پولیس کومطلوب نہیں۔عدالت نے ڈی پی او شیخوپورہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رپورٹ فائل کا حصہ بن چکی ہے۔آئندہ آپ کو عدالت پیش ہونے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے معاملے کی مکمل جانچ کے لیے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔









