ہارون لورگاٹ 47

مایوسیوں کے باوجود لاہور قلندرز نے ہمت نہیں ہاری،ہارون لوگارٹ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے لاہور قلندرز کی دس سالہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے آنرز، مینجمنٹ، کوچز، کھلاڑیوں اور شائقین تک اپنا پیغام پہنچانا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندر کے کھلاڑی ایک شاندار فرنچائز کا حصہ ہیں جو خاندانی اقدار کو اہمیت دیتی ہے اور یہی چیز لاہور قلندرز کو دیگر فرنچائزز سے ممتاز بناتی ہے۔ہارون لورگاٹ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر کی کئی فرنچائزز کو قریب سے دیکھا ہے،مگر لاہور قلندرز کی ایک الگ پہچان ہے۔ان کے مطابق ابتدائی برسوں میں مایوسیوں کے باوجود لاہور قلندرز نے ہمت نہیں ہاری بلکہ ٹیلنٹ کو سامنے لانے پر بھرپور توجہ دی،جو بالآخر ان کی کامیابی کی بنیاد بنی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی حکمتِ عملی ریکارڈ ٹائٹلز کی صورت میں کامیابی کا باعث بنی اور یہ فرنچائز کامیاب دفاع کرنے والی چند ٹیموں میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ کامیابی مستقل مزاجی، درست منصوبہ بندی اور طویل المدتی وژن کا نتیجہ ہے۔ہارون لورگاٹ نے کہا کہ لاہور قلندرز نے جو کامیابیاں حاصل کیں،وہ اس کے مکمل طور پر حقدار ہیں اور انہیں یقین ہے کہ لاہور قلندرز کو ملنے والی سپورٹ آئندہ دس برس بھی جاری رہے گی۔انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور اسے انٹرنیشنل سطح تک پہنچانے کو لاہور قلندرز کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں