ننکانہ صاحب(رپورٹنگ آن لائن)ماہ صیام میں ملک بھر کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔
گرانفروشوں نے چاقو چھریاں تیز کرلیں عوام بے رحم قصائیوں کے رحم و کرم پر۔حکومتی پرائس کنٹرول کمیٹیاں دفتروں تک محدود۔خود ساختہ مہنگائی نے عوام کا خون نچوڑنا شروع کر دیا۔دکانداروں نے مرضی کے ریٹ مقرر کر دیئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی مبینہ خاموشی عوام کے لیے پریشانی کا باعث۔
ملک میں گڈ گورننس کے فقدان اور بیوروکریسی کی بے حسی کی وجہ سے اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے شہر بھر میں دکانداروں کی خود ساختہ مہنگائی نے غریب عوام کا خون نچوڑنا شروع کر دیا ہے.
دوکاندارسرکاری نرخناموں کے بغیر اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ہیں مگر ستم بالا ستم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کمیٹیاں بالکل ناکام اور خاموش تماشائی بن کر رہ گئیں ہیں گرانفروش دکانداروں نے پھل، سبزیاں، گوشت، انڈے،،دالیں ودیگر اشیا خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
سروے کے دوران عوام نے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ حکومت خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کے آگے بے بس دیکھائی دیتی ہے اور لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ یہاں پر جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا راج قائم ہوچکا ہے حکومت کو چاہیے کہ خاموشی اختیار کرنے کی بجائے عوام کی تکلیفوں کا مداوا کرے۔