کراچی(رپورٹنگ آن لائن)مالی سال 2024-25 کے دوران سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔29 جون 2024 کو فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 41 ہزار 700 روپے تھی، جو 30 جون 2025 کو مالی سال کے اختتام تک 1 لاکھ 8 ہزار 500 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 50 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی۔
مالی سال کے دوران دس گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 93 ہزار 21 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 240 روپے تک جا پہنچی۔عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مالی سال کے دوران سونے کی قیمت 956 ڈالرز بڑھ کر 3282 ڈالرز فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اس اضافے کا ایک بڑا سبب عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے میں سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
آل صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، امریکہ اور چین کے معاشی معاملات نے عالمی گولڈ مارکیٹ پر اثر ڈالا ہے اور ان ممالک کی اقتصادی صورتحال کے باعث بھی سونے میں سرمایہ کاری کا رجحان برقرار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔