جمشید اقبال چیمہ

ماضی میں شہد کی برآمدات 800ٹن کی سطح پر تھی ،6ہزار میٹرک ٹن تک بڑھایا ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ماضی میں شہد کی برآمدات 800ٹن کی سطح پر تھی جسے موجودہ حکومت نے 6ہزار میٹرک ٹن تک بڑھایا ہے ،حکومت شہد کی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اس کے لئے ترکی کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے ،بیری کے شہد کی پوری دنیا میں مانگ ہے اورحکومت اسی تناظر میں20لاکھ بیری کے پودے لگانے جارہی ہے ۔ اپنے بیان میں معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ نے بتایا کہ پاکستان میں تھل، چولستان، پوٹھوہار، کرک، ڈیرہ غازی خان، بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض علاقے ایسے ہیں جہاں پر بیری کے پودے کی نشوونما کے لئے ماحول انتہائی موزوں ہے ، بیری کا پودا ایک سال پانی لے کر بنیاد بنا لیتا ہے اور اس کے بعد بارش کے پانی سے اپنی نشو ونما جاری رکھتا ہے ۔ حکومت وزیر اعظم عمران خان کے 10ارب درختوں کے منصوبے اور ٹرانسفارمیشن پلان میں بھی بیری کے پودے لگا رہی ہے اور اس سال حکومت 20لاکھ پودے لگانے جارہی ہے جس کی تعداد کو مرحلہ وار بڑھائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ایک کالونی میں شہد کی 15سے20کلو پیداوار ہوتی ہے اور اور اس سے دو بار پیدا وار لی جا سکتی ہے ، عام پھولوں اور پھلدار پودوں کے شہد کی فی کالونی تقریباً10ہزار اور بیری کے پودوں کے شہد کی کالونی سے تقریباً25ہزار روپے تک ملتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہد کی پیداوار کے حوالے سے چار ادارے تربیت دے رہے ہیں ، پیداوار میں اضافے کیلئے ترکی سے ٹیکنالوجی حاصل کی گئی ہے جس سے ہماری پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔