مریدکے ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے کسی ایگزیکٹو آرڈر کی گنجائش نہیں ،مارشل لا ء دور میں ایگزیکٹو آرڈر کی گنجائش ہوتی ہے آج جمہوری دور ہے .
بانی پی ٹی آئی کے کیس عدالتوں میں ہیں وہیں سے جزا سزا کی توقع رکھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر سید زاہد شاہ گیلانی اور چوہدری ارشد ورک کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کے نومنتخب صدر رانا جعفر ،سیکرٹری جنرل بابر ہاشمی ،سینئر نائب صدر میاں ناصر ،چیئرمین ہارون شیخ اور دیگرز کی تقریب حلف برداری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت کسی ملک کی طرف سے ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نہیں کہا گیا ،پی ٹی آئی کی لابی غیر ملکی اراکین پارلیمنٹ کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے استعمال کررہے ہیں ،پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے اس پر کسی ملک کا دبائو نہیں اور نہ ہی ہم کسی کے دبائو کو لیں گے ۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی کی طرف سے تحریری مطالبات نہ دینے کی وجہ سے مذاکرات میں پیشرفت رکی ،ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کی نیت ٹھیک نہیں ،یہ کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی کسی سے بات کرنے کو کہتے ہیں،انہوںنے ہمیشہ پاکستان اور عوام مخالف سیاست کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر 2014میں بانی پی ٹی آئی کی منفی سرگرمیوں کو روکا جاتا سانحہ نو مئی اور26نومبر نہ ہوتا ۔
انہوں نے کہا وہ سمجھتے ہیں پیپلز پارٹی ہماری اتحادی نہیں ،پیپلز پارٹی کا حق ہے وہ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کی خواہش کرے کیونکہ ہر پارٹی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا سربراہ وزیر اعظم بنے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی سیاست پاکستان اور عوام کی خوشحالی کی سیاست ہے ،سولہ مہینے کی حکومت میں شہباز شریف کا ہدف تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانا ہے .
اڑان پاکستان ویژن کے مطابق پاکستان کو ان شااللہ دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل کریں گے ،2030 تک جی ڈی پی 6فیصد اور ایکسپورٹ 60ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی جب بھی حکومت آئی بلدیاتی انتخابات کرائے ،اب بھی قانون سازی کے بعد بلدیاتی الیکشن کروادیں گے۔