بیرسٹر سیف

مائینز اینڈ منرلز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے خلاف مافیا سرگرم ہے، بیرسٹر سیف

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ مائینز اینڈ منرلز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے خلاف مافیا سرگرم ہے، مافیا وزیراعلی کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں.

وزیراعلی مائینز اینڈ منرلز شعبے کو مافیا کے چنگل سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مافیا مجوزہ ترامیم کے خلاف پروپیگنڈا کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، ہم جعلی وفاقی حکومت کو تسلیم ہی نہیں کرتے تو صوبائی اختیارات وفاق کو کیسے دے سکتے ہیں؟

مینڈیٹ چوروں کو صوبائی اختیارات دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا واضح مؤقف ہے کہ کسی بھی شعبے میں مافیا کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے جائیں گے، مجوزہ ترامیم کا مقصد مائینز اینڈ منرلز کے شعبے کو مضبوط اور مزید منافع بخش بنانا ہے.

یہ ترامیم پاکستان تحریک انصاف کے اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں، خیبر پختونخوا حکومت ہر شعبے میں بلا جھجک اصلاحات لا رہی ہے، مجوزہ ترامیم کوئی خفیہ معاملہ نہیں، انہیں اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اپوزیشن کی رائے بھی لی جائے گی۔