لاہور( رپورٹنگ آن لائن) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کے ترسیلی نقصانات بڑھنے پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی پر 2کروڑ 50لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق 2022-23کے مقابلے میں2023-24میں لیسکو کے نقصانات 11.88فیصد سے بڑھ کر 15.92فیصد ہو گئے جس کے تحت نیپرا نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی پر 2کروڑ 50لاکھ روپے کا جرمانہ کیا۔نیپرا نے کہا کہ لیسکو مارچ 2025ء میں جاری کیے گئے شو کاز نوٹس کا کوئی اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہی۔
ریگولیٹر نے نشاندہی کی کہ 3ماہ سے زائد کا وقت دئیے جانے کے باوجود کمپنی نے کوئی جواب جمع نہیں کرایا جس سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ اس نے ریگولیٹری قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات کو عملاًتسلیم کر لیا ہے۔