لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ایک مرتبہ پھر کروڑوں روپے کی لاگت سے نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 75گاڑیوں کی خریداری کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
لیسکو انتظامیہ نے کرینز سمیت چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے جبکہ کمپنی کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے باقاعدہ طور پر خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے لائن سٹاف کے لئے 40بکٹ کرینز خریدنے کی منظوری دی ہے،اس کے علاوہ ایک ڈبل کیبن اور 10سنگل کیبن گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمپنی کی جانب سے 24چھوٹی گاڑیوں کی خریداری کیلئے بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لیسکو نے نومبر میں بھی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کا عمل شروع کیا تھا تاہم اس وقت خریداری مکمل نہ ہو سکی تھی۔ نومبر میں ناکامی کے بعد اب ایک بار پھر محکمانہ سطح پر خریداری کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئی گاڑیوں کی خریداری کا مقصد فیلڈ آپریشنز اور انتظامی امور کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے، تاہم بڑھتے اخراجات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔









