لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے مجاز سرمایہ کو 300فیصد بڑھا کر 50ارب روپے سے 200ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے،6فروری کو ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں لیسکو کے مجاز شیئر کیپٹل میں اضافہ کرنے کے خصوصی معاملے پر غور کیا جائے گا اورتجویز کردہ سرمایہ کو 20ارب عام شیئرز میں تقسیم کیا جائے گا، ہر شیئر کی مالیت 10روپے ہوگی، اور اس پر کمپنی خصوصی قرارداد کے ذریعے حقوق، مراعات، شرائط یا پابندیاں عائد کر سکتی ہے، جیسا کہ قانون کے تحت ممکن ہے۔
میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیاہے کہ کمپنی کے مطابق مجاز سرمایہ میں اضافہ اس لیے ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ لیسکو میں حکومت پاکستان کے حصص میں اضافہ کیا جا سکے کیونکہ 30جون 2025ء تک شیئرز کے لیے موجودہ ڈیپازٹ 149.51ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ اس اضافے کے بعد کمپنی کے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن کی شق Vکو تبدیل کر کے نئے مجاز شیئر کیپٹل کو ظاہر کیا جائے گا۔تبدیل شدہ شق کے مطابق کمپنی کا مجاز شیئر کیپٹل 200ارب روپے ہوگا جسے 20ارب عام شیئرز میں تقسیم کیا جائے گا۔
کمپنی کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ سرمایہ بڑھائے یا کم کرے، شیئرز کو مختلف کلاسز میں تقسیم کرے اور حقوق، مراعات یا شرائط میں تبدیلی کرے جیسا کہ متعلقہ قوانین اجازت دیتے ہیں۔ مختلف کلاسز کے شیئرز کے حقوق جیسے منافع، ووٹنگ اور دیگر فوائد، ادا شدہ قیمت کے تناسب سے ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پچھلے سال شیئرز کے لیے ڈیپازٹ 103.63ارب روپے تھا جبکہ 30جون 2025ء تک حکومت کی سرمایہ کاری اور ایڈجسٹمنٹس کے بعد یہ رقم 149.51ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔









