شیر افضل مروت

لگتا ہے علی امین گنڈاپور کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، شیر افضل مروت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ لگتا ہے علی امین گنڈاپور کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف اور جے یو آئی میں خلیج علی امین گنڈاپور کی پیدا کردہ نہیں، بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کے بیانات سے خلیج پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کیوں ایسے اتحاد کا حصہ بنیں گے جس سے فائدہ پی ٹی آئی کا ہو، لگتا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی پہلے ضم اضلاع میں تھی، اب کرک کوہاٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے.

دہشت گردی کا خاتمہ وفاق اور صوبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ جو لوگ کے پی میں پارٹی صدور بنے تھے یہ پہلے بھی صدور رہ چکے ہیں، ان پارٹی صدور کو علی امین گنڈاپور نے ہٹادیا تھا، اب جو پارٹی صدور بنائے گئے ہیں لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کو بھی آن بورڈ رکھا گیا۔