محمد جاوید قصوری 45

لوگ دہشت گردی سے شہید ،صوبائی حکومت بسنت منانے میں مصروف ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک میں دہشت گردی کے المناک واقعات میں معصوم شہری شہید ہو رہے ہیں، خاندانوں کے چراغ بجھ رہے ہیں اور ہر گھر میں خوف و اضطراب کی فضا ہے، قوم سوگوار ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت بسنت جیسے ہندوانہ تہوار منانے میں مصروف ہے،

محض چند سرکاری مصروفیات ترک کر دینا ، یہ رویہ حکمرانوں کی بے حسی اور عوامی مسائل سے مکمل لاتعلقی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران ملکی تاریخ کے ناکام ترین اور نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے ہیں، جو فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کیے گئے ہیں۔ انہیں نہ عوام کے دکھ درد کا احساس ہے، نہ ہی ملک کو درپیش سنگین حالات کی کوئی فکر۔ دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے،

مگر حکمران طبقہ نمائشی سرگرمیوں اور غیر ضروری تقریبات میں مصروف ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا بسنت جیسے خطرناک کھیل کی سرپرستی کرنا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ بسنت کے نام پر درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، سینکڑوں افراد زخمی اور مستقل معذور ہوئے، مگر حکمرانوں کو اس انسانی المیے کی کوئی پرواہ نہیں۔ ایسے وقت میں جب قوم کو اتحاد، سنجیدگی اور ذمہ دارانہ فیصلوں کی ضرورت ہے، حکومت عوام کو فضول سرگرمیوں میں لگا کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے پوری قوم کو غمزدہ کر رکھا ہے۔

ملک دشمن قوتیں پاکستان کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، مگر حکمرانوں کی ترجیحات دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں زمینی حقائق کا ادراک ہی نہیں۔ عوام کرب اور اذیت میں مبتلا ہیں، جبکہ حکومت جشن اور میلوں ٹھیلوں کی منصوبہ بندی میں لگی ہوئی ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ بسنت جیسے خونی کھیل پر فوری او رمستقل پابندی عائد کی جائے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب حکومت کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں