مایا علی 69

لوگوں کے دبائو میں آکر شادی نہیں کر سکتی،جب خدا نے چاہا کرلوں گی، مایا علی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)مقبول اداکارہ مایا علی نے کہا ہے کہ انسان کی قسمت کے فیصلے خدا کرتے ہیں اور شادی کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے، جب خدا چاہیں گے تو وہ شادی بھی کرلیں گی، لوگوں کے دباو میں آکر وہ شادی نہیں کر سکتیں۔

مایا علی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں تاحال شادی نہ کرنے اور محبت سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔اداکارہ نے محبت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کی طرح انہوں نے بھی محبت کی لیکن لازمی نہیں کہ جن سے محبت کی جائے، وہ حاصل بھی ہوں۔ان کے مطابق یہ بھی لازمی نہیں کہ محبت کے معاملے میں ہمیشہ وہ ٹھیک رہی ہوں، عین ممکن ہے کہ وہ کسی کے لیے موزوں نہ رہی ہو، وہ بھی تو غلط ہو سکتی ہیں۔

مایا علی نے محبت کے حوالے سے مبہم اور ذو معنی الفاظ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت میں دیکھنا چاہیے کہ محبت صحیح انسان سے ہوئی یا غلط انسان سے اور ساتھ ہی یہ بھی ذہن میں رکھا جائے کہ ہر بار دوسرا شخص غلط نہیں ہوتا۔اداکارہ کا کہنا تھا محبت اچھا جذبہ ہے، ہر کوئی محبت کرتا ہے، انہوں نے بھی کی۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مایا علی نے کہا کہ وہ لوگوں کے دبائو میں آکر شادی نہیں کر سکتیں، جب ہونی ہوگی ہوجائے گی۔

اداکارہ کے مطابق وہ صرف اس لیے شادی نہیں کر سکتیں کہ لوگ یہ کہتے رہتے ہیں کہ عمر نکلی جا رہی ہے، فلاں شخص اچھا ہے، فلاں سے شادی کرلو۔مایا علی کا کہنا تھا کہ جو لوگ بار بار دوسروں کو شادی کے مشورے دیتے ہیں، وہی لوگ خدا پر بھی یقین رکھتے ہیں اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ہر چیز خدا کی طرف سے ہوتی ہے تو پھر شادی کے معاملے پر وہ کیوں سوالات کرتے ہیں؟

اداکارہ نے کہا کہ شادی کے مشورے دینے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہر چیز خدا کی طرف سے ہوتی ہے اور شادی بھی ایسا ہی معاملہ ہے، جب خدا چاہیں گے تو ان کی شادی بھی ہوجائے گی۔کیا کوئی ایسا شخص نہیں ملا جن سے وہ شادی کرتیں کہ سوال پر اداکارہ نے کوئی جواب نہ دیا اور خاموشی سے مسکراتی رہیں۔مایا علی پہلے بھی تاحال شادی نہ کرنے پر کھل کر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ انہیں اب تک شادی نہ کرنے پر طعنے بھی دیے جاتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں