اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پییٹرول قیمت میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔
اپنے بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیچھے نہ چھپے، حکومت نے آئی آیم ایف سے معاہدہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافہ کریں گے۔ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ آئی ایم ایف کی وجہ سے ہوا ہے جبکہ اس اضافے سے اشیا ضرور یہ کی قیمت بڑھیں گی اور مہنگائی آسمان کو پہنچ جائے گی۔
سابق چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت نے دو روز قبل بجلی کی قیمت بڑھائی ، ایسا آئی ایم ایف کی کہنے پر ہی کیا گیا، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ نے محنت کش طبقہ کا گزارا مشکل کر دیا ہے۔
میاں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ جب لوگ معاشی بدحالی کا شکار ہوتی ہیں تو انارکی کے دروازے کھلتے ہیں پھر بغیر قیادت می ایسی تحریکیں جنم لیتی ہیں جو ریاست اور ریاستی ڈھانچے کے لیے تباہ کن ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محنت کش طبقے کے لیے موٹر سائیکل میں تیل ڈلوانا مشکل ہو گیا ہے ، لوگوں کو خودکشی کرنے اور بھیک مانگے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔