اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت کی اہلیہ ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ لوگوں میں بریسٹ کینسر کے بارے آگہی پیدا کر کے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔صدر پاکستان کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے پاکستان ایئر فورس ہسپتال میں بریسٹ کینسر آگہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بریسٹ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والا کینسر ہے۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ہر سال تقریباً چالیس ہزار افراد جاں بحق ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں میں بریسٹ کینسر کے بارے آگہی پیدا کر کے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ ایسی تقاریب کا مقصد خواتین میں اس مرض کی علامات کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا اس مرض کے بارے میں آگہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، سینے یا اس کے اطراف میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوںنے کہاکہ بروقت تشخیص سے ہی چھاتی کے کینسر سے بچا جا سکتا ہے، پاکستان ائیر فورس دور دراز علاقوں میں ہسپتالوں کے قیام ، میڈیکل کیمپس اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری فورسز اس آگہی مہم میں ہمارے ساتھ ہیں۔