اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی وقار مسعود بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں منی لانڈرنگ کی روک تھام، لوٹی ہوئی رقم کے واپسی کیلئے اقدامات اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے، لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو پورٹس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے اشتراک سے ماہی گیروں کو آسان ترین شرائط پر قرضے دینے اور کراچی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم نے ماہی گیروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی.