لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے نابینا خاتون ملازمہ کی درخواست سماعت کے لیے مقررکرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں محکمہ صحت کی نابینا خاتون ملازمہ 11 ماہ کی تنخواہیں ادا نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے رابعہ بی بی کی درخواست پر بطوراعتراض کیس سماعت کی، رجسٹرار آفس نے بہاول پور بنچ پر درخواست دائر کرنے کا اعتراض لگایا تھا۔ نابینا خاتون ملازمہ کے وکیل نے درخواست میں مقف پیش کیا کہ گھر سے 45 کلو میٹر دور وکٹوریہ اسپتال میں تعیناتی کر دی گئی۔ درخواست گزار نابینا ہے اور گھر سے اتنی دور جا کر ڈیوٹی کرنا مشکل ہے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ قانون کے مطابق بھی معذور افراد کو گھر کے قریب آفس میں ڈیوٹی پر تعینات کیا جاتاہے۔
محکمہ صحت نے گیارہ ماہ تنخواہیں روک رکھی ہیں۔ نابینا خاتون ملازمہ کی درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ سیکریٹری صحت کو بھی تبادلے اور تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے درخواست دی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت محکمہ صحت کو گھر کے قریب تبادلے کا حکم دے اورمحکمہ صحت کو گیارہ ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کا بھی حکم دے۔