لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات سے متعلق زیر التواء اپیلوں کو جلد نمٹانے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ مقدمات کی سماعت اب ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد دو رکنی بنچ اب چار روز کے بجائے پانچ روز ہفتہ وار سماعت کرے گا۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا ء باجوہ پر مشتمل بنچ پیر سے جمعہ تک منشیات کیسز کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا کہ منشیات کے مقدمات کی بڑی تعداد طویل عرصے سے زیر التوا ء ہے .
جس سے نہ صرف عدالتی بوجھ بڑھ رہا ہے بلکہ قیدیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ پرانے مقدمات کو روزانہ کی بنیاد پر ترجیحی طور پر سنا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ ہو۔