لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں پر فکس چارجز عائد کرنے کے خلاف درخواست پر حکم امتناعی جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد رضا قریشی نے بجلی بلوں میں فکس چارجز کے خلاف 9 کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت اور لیسکو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزاروں کی جانب سے خواجہ وسیم عباس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لیسکو نے بجلی بلوں پر فکس چارجز کا نفاذ کر دیا ہے، لیسکو کی جانب سے عائد فکس چارجز کی کوئی منظوری حاصل نہیں کی گئی، فکس چارجز عائد کرنے کیلئے کابینہ اور نیپرا سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ لیسکو نے بغیر بجلی استعمال ہوئے 32لاکھ روپے کا بل بھیج دیا ہے، گزشتہ ماہ 57لاکھ روپے جبکہ اس ماہ ایک کروڑ 56لاکھ روپے کا بل بھجوا دیا ہے، عدالت لیسکو کی جانب سے فکس چارجز کو ختم کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت عالیہ نے بجلی کے بلوں پر فکس چارجز عائد کرنے کے خلاف درخواست پر حکم امتناعی جاری کر دیا۔
٭٭٭٭٭