لاہورہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ کاباپ کے قتل میں گرفتار بیٹے کوضمانت پررہاکرنے کاحکم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے باپ کے قتل میں گرفتار بیٹے کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو لاہورہائیکورٹ میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ملزم علی اسامہ کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری پر سماعت کی۔

عدالت نے ملزم کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کےعوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ گجرات پولیس نے علی اسامہ کووالد کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا۔ یہ موقف اختیار کیا گیا کہ علی اسامہ کوسوتیلی ماں نے باپ کے قتل میں گرفتار کروایا اور جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ بیٹے سے دوران حراست کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی اور پولیس نے اپنی تمام تفتیش مکمل کرلی ہے،بیٹا قصور وار نہیں اور نہ ہی اس نے والد کو قتل کیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت مقتول کے بیٹے کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے ۔