لاہور ہائی کورٹ 70

لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی، عدالت نے ملزم کے مقدمات کا سابقہ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔

ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہبازعلی رضوی نے ملزم محمد رمضان کی درخواست ضمانت پرسماعت کی، پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ام البنین پیش ہوئیں، جسٹس سید شہبازعلی رضوی نے سی پی او فیصل آباد سے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کیوں بلوایا ہے، آئی جی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ملزمان کے تمام مقدمات کا ریکارڈ پیش ہوگا، جو نہیں ہورہا۔ سی پی او فیصل آباد نے جواب دیا کہ آئندہ کوتاہی نہیں ہوگی۔

جسٹس سید شہبازعلی رضوی نے ریمارکس دیئے کہ سابقہ ریکارڈ پیش نہ ہونے سے عدالت کا وقت بہت ضائع ہوتا ہے، جو ذمہ دار ہے اس کو دیکھیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف سات مقدمات ہیں، اب ملزم کا ٹرائل کورٹ میں چالان پیش ہوچکا ہے۔

جسٹس سید شہبازعلی رضوی نے سی پی او فیصل آباد سے کہا پندرہ روز بعد چالان ہونا چاہئے تھا، آپ نے چار ماہ بعدچالان کیا، سی پی او نے جواب دیا،آئندہ ایسا نہیں ہوگا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی بعدازگرفتاری درخواست ضمانت خارج کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں