لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ کے شریک ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کر دی ، عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ۔ جسٹس جواد ظفر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ملزم رضوان کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد اقبال نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کا مقتولہ خاتون کے قتل سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا،مقتولہ خاتون کو اس کے شوہر نے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا،درخواست گزار سے کسی طرح کی کوئی برآمدگی نہیں ہوئی۔
استدعا ہے کہ عدالت ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔ وکیل مدعی نے کہا کہ درخواست گزار خاتون کے قتل کی مرکزی وجہ ہے،مقتولہ خاتون کے شوہر کو مقتولہ سے ملزم سے ناجائز تعلقات کا شبہ تھا،مقتولہ کے قتل کے وقت ملزم موقع پر موجود تھا،جہاں سے ملزم فرار ہو گیا تھا،عدالت درخواست ضمانت خارج کر کے گرفتاری کا حکم دے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد شریک ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کر دی اور ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ۔









