لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نون لیگی رہنما رانا ثنا کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
رانا ثنااللہ کے وکلا نے درخواست پر دلائل مکمل کر لیے۔ نیب پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ 5 مارچ 2020 سے یہ درخواست زیر التوا ہے، نیب نے ایک بار بھی کیس ملتوی کرنے کی استدعا نہیں کی۔ ملزم رانا ثنااللہ نے کئی بار اس کیس میں التوا مانگا ہے، نیب نے کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کیلئے متفرق درخواستیں بھی دائر کیں۔
نیب پراسکیوٹر نے سماعت کو آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ پیر کے روز نیب کے وکیل ہر صورت دلائل مکمل کریں، کیس سن کر فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے رانا ثنااللہ کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی۔