لاہور (رپورٹنگ آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہاہے کہ لاہور کے کھانوں نے تھوڑا مایوس کیا، کراچی کے کھانے شاندار تھے تاہم پاکستان کے دورے کو یاد گار قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچوں کی سیریز اختتام کو پہنچی اور انگلینڈ نے آخری میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز 3-4 سے اپنے نام کر لیمیچ کے بعد پنی ٹیم کی کارکردگی پر مطمئن کپتان معین علی نے سات ٹی20 میچوں کی سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بہترین موقع قرار دیا۔دوران پریس کانفرنس انگلش کپتان کھیل سے ہٹ کر بھی مختلف سوالوں کے جوابات دئیے اور پاکستان بالخصوص کراچی کے کھانوں کو پسندیدگی کی سند عطا کی۔ایک سوال کے جواب میں معین علی نے کہا کہ مجھے لاہور کے کھانوں نے تھوڑا مایوس کیا، کراچی کے کھانے بہت شاندار تھے۔انہوں نے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ ہمارا بہت اچھے سے خیال رکھا گیا۔
سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہمارے لیے آخری دونوں میچ جیتنا ضروری تھا، ورلڈ کپ سے قبل یہ میچز بہت اہمیت کے حامل تھے اور اب ان دو میچز کو جیتنے کے بعد ہم ورلڈ کپ سے قبل بہت اچھی پوزیشن میں ہیں تاہم معین علی نے ورلڈ کپ کے لیے انگلش ٹیم کو فیورٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک خطرناک ٹیم ہیں تاہم میں نہیں سمجھتا کہ ہم ورلڈ کپ کے لیے فیورٹس ہیں، میرا ماننا ہے کہ آسٹریلیا اور انڈیا اس ایونٹ کے لیے فیورٹ ہیں۔