عظمی بخاری 19

لاہور کی ترقی ،خوبصورتی کا معیار پورے پنجاب میں منتقل ہو رہا ہے’عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کی خوبصورتی اور ترقی کی مثالیں اب پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی محسوس کی جا رہی ہیں،اب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی لاہور کے معیار کے مطابق ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں اور ترقی و خوشحالی کا سفر اب صرف لاہور تک محدود نہیں رہا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز نے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں کسی بھی قسم کی تفریق ختم کر دی ہے اور اب ہر شہر میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے جدید منصوبوں کا دائرہ پورے پنجاب میں وسیع کیا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلی بار پنجاب کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کوئی مخالف انگلی نہیں اٹھا سکتا اور پنجاب میرٹ، گڈ گورننس اور ترقی کے لحاظ سے باقی صوبوں میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اب نہ کوئی ساوتھ پنجاب، نہ سینٹرل پنجاب، نہ جنوبی پنجاب ہے، بلکہ ایک ہی متحدہ پنجاب ہے، جس میں ہر شہری ترقی اور خوشحالی کے سفر میں شامل ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی عوام کے لیے شفاف اور مؤثر اقدامات جاری ہیں، اور ہر منصوبہ عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں