عظمی بخاری

لاہور کو کچرا کنڈی اور تعفن زدہ شہر بنانے پر عثمان بزدار فخریہ کلمات ادا کررہے ہیں’عظمی بخاری

لاہو ر(رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کو کچرا کنڈی اور تعفن زدہ شہر بنانے پر عثمان بزدار فخریہ کلمات ادا کررہے ہیں،لاہور کی ہر گلی محلے میں سیوریج کا پانی جمع ہے،تین سالوں میں بزدار حکومت نے لاہور میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں کیا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کی کل ترقیاتی کاموں کے حوالے سے لسٹ جاری ہوئی ہے۔حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق جن اضلاع میں کم ترین ترقیاتی کام ہوئے ان میں لاہور 31ویں نمبر پر ہے،23ارب 19کروڑ کی 7ہزار 439سکیمیں التواکا شکار ہیں،2019کی سکیمیں 2021میں بھی مکمل نہیں ہو سکیں،لاہور کے حصے کا بجٹ میانوالی اور تونسہ میں لگایا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ شہبازشریف پر نیب ہر ماہ نیا کیس بناتا ہے ،شہبازشریف نے دس سالوں میں ہزاروں پروجیکٹس مکمل کیے اور قوم کے 1ہزار ارب روپے کی بچت کی،شہبازشریف حکومت نے اپنے ہر بجٹ میں جو رقم جس پروجیکٹ کیلئے مختص کی اس پر خرچ بھی کی،بزدار حکومت کے تین بجٹ میں دوبارہ دوبارہ وہی پرانے منصوبوں کے اعلان کیے جاتے ہیں،لیکن سال کے آخر میں شہبازشریف کے کسی پروجیکٹ پر دوبارہ تختی لگاکر داد وصول کرنا عثمان بزدار کا وطیرہ بن چکا ہے۔