لاہور چیمبر

لاہور چیمبر کے تجارتی وفد کا دورہ ایران

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) ایرانی تاجروں نے لاہور چیمبر کے تیرہ رکنی تجارتی وفد، جس کی سربراہی لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر کررہے ہیں، سے ملاقاتوں کے دوران پاک ایران تجارت کے فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وفد نے گذشتہ روز ایران کے بڑے کار ساز ادارے خدرو کارکمپلیکس، سلیمان کارپٹ انڈسٹریل پروڈکشن کمپنی،جے اے وائی آئل ریفائنری کا دورہ کیا اور اصفہان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر بہرام سبحانی اور اصفہان کے میئر قاسم زادے سے ملاقاتیں کیں ۔لاہور چیمبر نے اصفہان چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔ ان اعلی سطحی ملاقاتوں کے دوران وفد کے سربراہ ،صدرلاہور چیمبرآف کامرس نے میاں نعمان کبیرنے پاکستان اور ایران میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں مشترکہ منصوبہ سازی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے وفد کے دورہ ایران کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ان تمام عوامل پر قابو پایا جائے جو پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے فروغ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تجارتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط کی مضبوطی پر زور دیا۔صدرلاہور چیمبر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے دوطرفہ تجارت کے علاوہ نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔