لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اکیس کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مختلف مصنوعات پر ممبران کے لیے رعایت کا حصول ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نائب صدر طاہر منظور چودھری نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈسکائونٹ کارڈ کے کنوینر محمد ندیم قریشی و ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ جن کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ان میں العزیز فرنیچر ، الخان ریسٹورنٹ ، النصر لیب ، کیک اینڈ بیکس ، شیلے کیٹرنگ ، چغتائی لیب ، ایفل انڈسٹریز لمیٹڈ (روڈ پرنس بائیک) ، ایکسل لیب ، فاطمہ انجینئرنگ ، افق مولیکیول لیب ، کے کے ٹی سپائن سنٹر ، پاک ایمز ٹریول اینڈ ٹورز ، پوئٹ ریسٹورنٹ ، سیون اسکائی امیگریشن ، سرجیمیڈ لیب ، سید بھائی فرنیچر ، ٹیسٹ زون ڈائیگناسٹک سنٹر ، ٹی پی ایل ٹریکر پاکستان، المدینہ الیکٹرانکس اور یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریزشامل ہیں۔ لاہور چیمبر کے ممبران کو ممبرشپ کارڈز پیش کرنے پر رعایت دی جائے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے اپنے ممبران کے لیے ایسی سہولت متعارف کروائی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دوسو سے زائد کمپنیوں کے ساتھ ایسے ایم او یوز کرکے اپنے ممبران کے لیے سہولیات حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹنر کمپنیوں کی لاہور چیمبر نیوز اور ایف ایم 98.6ریڈیو کے ذریعے فری مارکیٹنگ کی جائے گی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر میں نادرا ، پاسپورٹ ، پولیس ، واسا ، پیسی ، پی آئی ای ڈی ایم سی ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، لیسکو ، ایف بی آر ، سمیڈا ، پی آئی اے ، وی بوک ، ایل ڈی اے ، موبی لنک مائیکرو فنانس بینک ، پنجاب بینک اور کوڈ ویکسینیشن کے سہولت مراکز کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے ممبروں کے لئے بے مثال خدمات فراہم کررہے ہیں۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈسکائونٹ کارڈ کے کنوینر محمد ندیم قریشی نے مفاہمتی یادداشتیں کرنے پر کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید کمپنیوں سے معاہدے کیے جائیں گے۔ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین محمد نعیم حنیف،مردان علی زیدی اور ودود علوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔