جعفر بن یار ۔۔۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میںکاروباری لاگت بڑھے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کرے گا۔
اس سے ٹرانسپورٹیشن اور توانائی کی لاگت پر اثر پڑے گاجس سے صارفین متاثر ہونگے۔ ملک پہلے ہی گزشتہ دو سالوں سے مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے آبادی اور کاروبار پر مزید بوجھ پڑے گا۔پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ متبادل توانائی کے شعبوں کے فروغ کو ترجیح دے، خاص طور پر سولر سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرے۔
لاہور چیمبر نے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھانے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ ان اقدامات کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان سمیت کئی معیشتوں کے لیے باعث تشویش ہے، پاکستان تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اتار چڑھاو¿ سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ متبادل توانائی کے ذرائع پر توجہ مرکوز کرنا اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے۔