لاہور چیمبر

لاہور چیمبر کا 13 رکنی وفد ایران کے 7 روزہ دورے پر روانہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا 13 رکنی تجارتی وفد لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر کی سربراہی میں ایران کے 7 روزہ دورے پر روانہ ہو گیا ۔ دورے کامقصد تجارت اور سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ وفد کے اراکین میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر،خواجہ شہزاد ناصر، مبشر نصیر بٹ، عاقب آصف، محمد ارشد، محمد فرقان سرور، رانا علی احمد خان، خواجہ نعمان احمد، محمد امین عاطف، شہرام چوہدری، عاطف امین، میاں فاروق کبیر اور محمد معظم رازی شامل ہیں۔دورہ ایران کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس کا وفداعلی سطحی ملاقاتوں کے علاوہ مشہد، ایران، تہران اور دیگر تجارتی تنظیموں کے دفاتر کا دورہ کرے گا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے امید ظاہر کی کہ وفد کا دورہ نہ صرف پاکستانی اور ایرانی تاجروں کو قریب لائے گا بلکہ مشترکہ منصوبہ سازی کی راہیں بھی ہموار کرے گا۔ میاں نعمان کبیر نے کہا یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ معاشی خوشحالی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ میں مضمر ہے ، پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا بے تابی سے منتظر ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تاجر اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں لہذا پاکستانی تاجر اس موقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔