چوہدری اخلاق

لاہور میں 104 کنال اراضی پر خصوصی طلباء کیلئے سپورٹس سٹیڈیم بنائیں گے، چوہدری اخلاق

لاہور ( نیوز رپورٹر ) صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق نے ڈی جی پی آر آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پر گزشتہ حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔

پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن پالیسی مرتب کی گئی، جس کی رواں ماہ کابینہ سے منظوری حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 585 اساتذہ کی بھرتی ہوئی جبکہ مزید 306 اساتذہ رواں سال بھرتی کئے جائیں گے۔

پنجاب حکومت نے خصوصی طلباء کو فری سفری سہولت کی فراہمی کیلئے رواں سال 33 کروڑ کی لاگت سے 51 بسیں جبکہ گزشتہ سال 12 بسیں فراہم کیں۔ حکومت نے مظفر گڑھ، راولپنڈی، بھکر، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، خانیوال اور لیہ میں نئے سپیشل ایجوکیشن سینٹر قائم کئے ہیں جبکہ ساہیوال اور بہاولپور میں بچیوں کیلئے سیکنڈری سکول اور سرگودھا اور ڈی جی خان میں ڈگری کالج قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ17 سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں خصوصی افراد کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ محکمہ نے پنجاب کے 14 اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن کے اداروں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ صوبہ کے 147 خصوصی تعلیم کے اداروں میں لائبریری کیلئےایک کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں اساتذہ اور عملہ کے تبادلہ کے حوالے سے پالیسی مرتب کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ والدین کو خصوصی بچوں سے متعلق رہنمائی اور شکایات کے انداج کیلئے ہیلپ لائن 1162 قائم کی گئی ہے۔ اساتذہ اور عملہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے 300اداروں میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب جبکہ تعلیمی اداروں اور بسوں میں بہتر مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
خصوصی بچوں کے لئے جدید کورس متعارف کر وارہے ہیں۔ اب خصوصی طلباء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فرانزک سائنس کی تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ با آسانی روزگار حاصل کر سکیں۔ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ بڑھانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اداروں سے متعلق مناسب آگاہی نہ ہونے کے باعث والدین اپنے خصوصی بچوں کو سنٹرز میں داخل نہیں کروا پاتے ۔ محکمہ آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو ان اداروں سے متعلق معلومات فراہم کر رہا ہے تاکہ والدین اپنے خصوصی بچوں کو سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کروا سکیں جو ایسے افراد کی بہتر تربیت میں مددگار ثابت ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی طلباء کو 800 روپے ماہانہ وظیفہ، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت، یونیفارم، ہاسٹل کی سہولت کے ساتھ فری کتابیں فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ نے لاہور میں 104 کنال اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی ہے جس پر بہت جلد خصوصی افراد کیلئے سپورٹس سٹی تعمیر کیا جائے گا۔ سپیشل ایجوکیشن اداروں کے مالی معاملات سکول ایجوکیشن کی بجائے محکمہ خود دیکھے گا جس سے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب پر پارٹی کے ہر فرد کو اعتماد ہے، وہ شہباز شریف کی طرح اداکاری نہیں کرتے بلکہ پرفارم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دو سالوں میں پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی جنگ کرپشن اور مافیاز کے خلاف ہے، چینی مافیا بہت مضبوط ہے۔ 87 میں سے 14 شوگر ملیں صرف زرداری خاندان کی ہیں۔