نئے اسکول

لاہور میں 100نئے اسکول کھولنے کا منصوبہ سیاسی بحران ،کاغذوں کی نذر ہو گیا

لاہو ر( رپورٹنگ آن لائن) حکومت کی جانب سے لاہور میں 100نئے اسکول کھولنے کا منصوبہ سیاسی بحران اور کاغذوں کی نذر ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پنجاب کے شہر لاہور کے مضافاتی علاقوں میں دو سال قبل سو نئے اسکول کھولنے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا اور نئے اسکولوں کے لیے فرنیچر اور اساتذہ کی فراہمی پرانے اسکولوں سے پوری کی جانی تھی

تاہم دو سال گزر جانے کے باوجود لاہور میں ایک بھی نیا اسکول نہ بنایا جا سکا۔ان اسکولوں کے لیے لاہور کے دور دراز علاقوں میں کرائے کی عمارتیں لی جانی تھی، اور اس کے لیے ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کی مدد سے جگہ کا انتخاب بھی کر لیا گیا تھا، تاہم منصوبہ مزید آگے نہ بڑھ سکا۔اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی اسکول کھولنے کے منصوبے پر دوبارہ کام شروع کر دیا جائے گا۔منصوبے کے لیے فروری 2020ء میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ایجوکیشن اتھارٹی نے کرائے کی عمارتوں کے لیے 20کروڑ 91لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں، یہ رقم 5 تحصیلوں کے ڈپٹی ڈی اوز کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی۔