لاہور(زاہد انجم سے) لاہور جنرل ہسپتال میں جمعرات کے روز خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی ، نومولود بچوں میں 2 بیٹیاں اور 2 بیٹے شامل ہیں-
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پطرس مسیح نامی شخص کی25 سالہ بیوی حنا کو گزشتہ روز تشویش ناک حالت میں ایل جی ایچ گائنی وارڈ میں لایا گیا جہاں سینئر ڈاکٹر ڈاکٹر خولہ، ڈاکٹر ماریہ ،ڈاکٹر فرح، طاہرہ پروین پر مشتمل ٹیم نے بلا تاخیر زندگی بچانے والی ضروری ادویات دے کر علاج معالجہ شروع کیا جس کے بعد اس نے یکے بعد دیگرے 4 بچوں کو جنم دیا،جو اپنی ماں سمیت رو بصحت ہیں –
ہسپتال انتظامیہ نے چاروں بچوں کو علاج معالجہ کے لئے نرسری میں منتقل کر دیا ہے -انتظامیہ کے مطابق زچہ و بچہ خیریت سے ہیں تاہم چاروں بچوں کو مزید علاج معالجہ کی غرض سے نرسری میں رکھا گیا ہے-
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے خواتین ڈاکٹرز نرسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جنہوں نے پچیدہ آپریشن کو احسن طریقے اور کامیابی سے مکمل کیا- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں –
دوسری جانب بچوں کے والدین اور اہل خانہ ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش پر خوشی سے نہال ہیں- انہوں نے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں اور سٹاف کا شکریہ ادا کیا جہاں انہیں حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق علاج معالجہ کی جدید طرز مفت سہولیات میسر آئیں –









