ؒلاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے تحریک کے نام پر جو سر گرمیاں کی ہیں انہیں مستقبل میں بھی ا س کی قیمت ادا کرنا پڑے گی ، لاہور جلسے کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم چاروں ٹانگوں سے معذور گھوڑا ہے اور اسے اجلاسوں کی صورت میں جتنی مرضی سیاسی خوراک دے لیں اب یہ دوبارہ دوڑ نہیں سکے گا ، تحریک انصاف کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا علم بلند رکھے گی ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انشا اللہ سینیٹ انتخابات میں حکومت کو سادہ اکثریت مل جائے گی جس کے بعد اصلاحات کے تناظر میں قانون سازی کے عمل میں تیزی لائی جائے گی ۔ اپوزیشن کو دعوت ہے کہ وہ آئے اورانتخابی اصلاحات سمیت ملک کی بہتری کےلئے جس بھی قانون سازی کی ضرورت ہے تجاویز دے لیکن یہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہونی چاہیے ، حکومت یقینا انہیں زیر غور لائے گی اور ان پر پیشرفت بھی کریں گے ۔
انہوںنے کہا کہ کیا پی ڈی ایم نے ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کےلئے تحریک چلائی تو ایسا نہیں ہے ، ان کی تحریک کا محور اپنے لئے ریلیف مانگنا تھا اس لئے انہیں کوئی پذیرائی نہیں ملی ، پی ڈی ایم کی تحریک ناکام ہو چکی ہے اب انہیں چاہیے کہ کچھ نیا سوچیں ، پی ڈی ایم نے تحریک کے نام پر جو سر گرمیاں کی ہیں انہیں اب بھی اس کی قیمت ادا کرنا پڑی ہے او رمستقبل میں بھی ادا کرنا پڑے گی ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے مظلوم کشمیریوں پر بھارت کے جبر اور بربریت کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں اجاگر کرنے کےلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا ہے ،مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی لازوال جدوجہد کو ہر لمحے دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے گا اور ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔









