لاہور ہائیکورٹ 125

لاہورہائیکورٹ ،خواجہ سراوں کی نوکریوں کامعاملہ،متعلقہ محکموں سے جواب طلب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہورہائیکورٹ نے خواجہ سراوں کو محکمہ پولیس میں کوٹہ کے تحت نوکریاں نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پرچیف سیکرٹری اور سوشل ویلفئیر ڈپارٹمنٹ سے جواب طلب کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ سراوں کو محکمہ پولیس میں کوٹہ کے تحت نوکریاں نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے عاشی جان کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی آئی جی لیگل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ فاضل جج نے ڈی آئی جی لیگل سے استفسار کیا کہ خواجہ سراوں کو بھرتی کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے۔

اس پر ڈی آئی جی لیگل نے بتایا کہ میں یہ درخواست دیکھ لیتا ہوں۔ عدالت نے ڈی آئی جی لیگل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں کیا لینے آئے ہیں،کیا باغ جناح میں سیر کرنے آئے ہوئے ہیں۔ عدالت کو ڈی آئی جی لیگل نے بتایا کہ 21 جنوری کو اس درخواست کا جواب عدالت میں جمع کروا چکے ہیں۔

عدالت نے چیف سیکرٹری اور سوشل ویلفئیر ڈپارٹمنٹ سے جواب طلب کرلیا اور استفسار کیا کہ متعلقہ محکمے بتائیں کہ خواجہ سراوں کی بھرتیوں کے لیے کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ عدالت میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس کے محکمے میں خواجہ سراں کو بھرتی نہیں کیا جارہا ہے،پولیس میں خواجہ سراں کو بھرتی نا کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں