لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب برائے کمیٹی لا اینڈ آرڈر کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ جس میں صوبائی وزرا عنصر مجید نیازی، رائے تیمور بھٹی، اعلی سول اور پولیس افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس 4 اور 6 فروری کو مکمل ریہرسل کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل کے دوران قذافی سٹیڈیم کے اردگرد اور پارکنگ ایریاز کے سی سی ٹی وی کیمرے مکمل فعال ہونے چاہئیں۔ گزشتہ پی ایس ایل ایونٹس کے پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری تبدیلیاں کی جائیں۔
لاہور میں 7 فروری سے پی ایس ایل سکیورٹی پلان نافذ ہوجائے گا۔ اجلاس میں سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ تمام پرائس مجسٹریٹس سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنرز پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی پر باقاعدگی کے ساتھ نظر رکھیں۔