لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) ریٹرنگ آفیسر نے اسکروٹنی کے بعد لاہور کے حلقے این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 7 کے مسترد کئے گئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق این اے 133 کے لیے کل 21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جبکہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔
مسلم لیگ ن کے چوہدری نصیر بھٹہ اور شائستہ پرویز ملک کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ۔پیپلز پارٹی کے اسلم گل کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید کے کاغذات مسترد کیے گئے۔ اکمل خان ، رضوان الحق ، محمد عظیم ، محمد عنبر کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کیے گئے۔ این اے 133 کا ضمنی انتخاب 5 دسمبر کو ہوگا۔ الیکشن کیمشن نے بتایا کہ امیدوار کاغذات نامزدگی 11 نومبر تک واپس لے سکتے ہیں۔ امیدواروں کو 12 نومبر کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما ملک پرویز کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پرویز ملک گذشتہ 10 سال سے مسلم لیگ نون لاہور کے صدر بھی تھے۔ پرویز ملک 18نومبر 1947 کو پیدا ہوئے۔ مرحوم پرویز ملک کی اہلیہ اور بیٹے بھی قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔