کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر سے رپورٹس طلب کرلیں۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو 11 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے 3 لاپتا افراد کا سراغ لگالیا، رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بلاول اور فیصل اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار ہیں۔
خاتون نے جس شہری کی گمشدگی کیلئے درخواست دائر کی تھی وہ گھر واپس آگیا۔ عدالت نے تینوں افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹادیں۔ عدالت نے دیگر لاپتا افراد کی بازیابی کے لیئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر سے رپورٹس طلب کرلیں۔ عدالت نے متعلقہ تھانوں کے ڈی ایس پیز کو اپریل کے چوتھے ہفتے میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔









