راجہ بشارت

لانگ مارچ کی لمحہ بہ لمحہ ویڈیو فلم لازمی بنائی جائے’راجہ بشارت کی ہدایت

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کا اجلاس پنجاب سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں لانگ مارچ کامونکے پہنچنے کے بعد اگلے روز گوجرانوالہ کی طرف بڑھے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس تمام تیاریاں مکمل رکھیں اور لانگ مارچ کی لمحہ بہ لمحہ ویڈیو فلم لازمی بنائی جائے۔ کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ گوجرانوالہ میں 5700 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور 7 ایس پی سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ گوجرانوالہ سے راولپنڈی تک سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات کئے جائیں۔

کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ کے کنٹینر پر غیر ضروری نقل و حرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فول پروف سکیورٹی کیلئے معاملہ سیاسی قیادت کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں راجہ بشارت اور مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر سے رابطہ کریں گے۔ راجہ بشارت نے یہ ہدایت بھی کی کہ سرکاری مشینری سکیورٹی کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور متعلقہ افسروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔