لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ لاجسٹک چیلنجز کے سبب ہمیں غیرمعمولی حالات میں مشکلات کا سامنا تھا مگرہم نے اس سارے عمل میں بہت کچھ سیکھا ہے،
مصباح الحق کو صورتحال کا مکمل اندازہ ہے کہ انہیں کھلاڑیوں کی بہترین تیاری کے لیے اپنے پریکٹس کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔ اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایک چیلنجنگ اور غیرمعمولی عمل کے بعد 20 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے 11 اراکین اتوار کو مانچسٹر روانگی کے لیے دستیاب ہیں،انہوں نے کہا کہ کیسز کی تعداد میں اضافے اور کچھ کھلاڑیوں کے علاقوں میں ٹیسٹ لیب کی عدم دستیابی کے باوجود پی سی بی کے میڈیکل پینل نے اس عمل کو مکمل انجام تک پہنچانے کے لیے ایک اچھا کام کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ لاجسٹک چیلنجز کے سبب ہمیں ان غیرمعمولی حالات میں مشکلات کا سامنا تھا مگرہم نے اس سارے عمل میں بہت کچھ سیکھا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ان کی مصباح الحق سے بات ہوئی اور وہ اتوار کو مانچسٹر روانہ ہونے والے پہلے گروپ سے مطمئن ہیں، اس گروپ میں زیادہ تر طویل طرز کے کرکٹرز شامل ہیں اور سیریزمیں پاکستان کی پہلی اسائنمنٹ بھی ریڈ بال کرکٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کو صورتحال کا مکمل اندازہ ہے کہ انہیں کھلاڑیوں کی بہترین تیاری کے لیے اپنے پریکٹس کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پیچھے رہ جانے والے کھلاڑیوں کو مکمل یقین دلاتے ہیں کہ پی سی بی ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور اس قرنطینہ کے وقت میں پی سی بی ان کی مکمل نگرانی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ ان تمام کھلاڑیوں میں کوئی علامات نہیں تھیں جس کا مطلب ہے کہ ان کی جلد مکمل تندرستی کے چانسز بہت زیادہ ہیں، جیسے ہی ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کے نتائج 2مرتبہ منفی آئیں گے ویسے ہی یہ انگلینڈ میں دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض پی سی بی کی دوسری ٹیسٹنگ سے قبل ذاتی طور پر اپنی ٹیسٹنگ کروائی اور اس کے باوجود کے ان کے ٹیسٹ منفی ہیں تاہم پی سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت ان کا ایک مثبت اور ایک منفی ٹیسٹ آیا ، لہٰذا انگلینڈ روانگی کے لیے انتظامات سے قبل انہیں پی سی بی ٹیسٹنگ پروگرام کے تحت مزید ایک مرتبہ منفی ٹیسٹ دینا ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ آخر میں وہ ایک مرتبہ کرکٹ کے تمام مداحوں اور پیروکاروں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہوکر اس وائرس کو جڑ سے اکھاڑسکتے ہیں اور جتنے جلدی ہم اس وباء کو ختم کرلیں گے اتنے ہی جلدی ہماری زندگی واپس معمول پر آجائے گی۔