اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ 6ستمبرافواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانی کی یاد ر ہے گا، قوم یقین رکھے پاک فضائیہ ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری بہترین قومی یکجہتی کا عکاس ہے۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ 6ستمبرافواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانی کی یاد گار ہے، دشمن نےپرعزم ریاست کے وجود کو للکارا تھا اور پاک فضائیہ نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کو منہ توڑ شکست دی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے شہدااور غازیوں کے احسان مند رہیں گے، قوم یقین رکھے پاک فضائیہ کو خطے کےبدلتے حالات کا بخوبی ادراک ہے، فضائیہ، ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،آزادی کے لیے لڑتے تمام کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کواخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلاتا ہوں، پاک فضائیہ عظیم مقصد پر ہمیشہ پوری اتری ہے، پاک فضائیہ مستقبل میں بھی دفاع وطن کے لیےکوشاں رہے گی، پاک فضائیہ زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔