گجرات(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت غلط سمت میں چل رہا ہے، ملک میں سیاسی بحران کی کیفیت ہے جس سے نکلنے کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں، قوم کو اس بھنور سے نکالنے کے لیے عدلیہ شنوائی کرے،
ہفتہ کو گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی سپریم کورٹ رجسٹریز میں دستخط شدہ پٹیشن پیر کی صبح دائر کریں گے،انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کے بعد بھی پارٹی نے اپنا مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے عمران خان نے بہت بڑا فیصلہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام ہے جس سے تاجر برادری بہت پریشان ہے، سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے، اس کا واحد راستہ الیکشن ہے، شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو انصاف دیا جائے، ہماری درخواست کا دوسرا نکتہ ارشد شریف کی شہادت کامعاملہ ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا،ارشد شریف کی فیملی کو ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں ملی،
ارشد شریف کا لیپ ٹاپ اور فون کہاں ہے؟ کس کے پاس ہے؟پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تاثر تھا کہ کینیا کی پولیس کے پاس ہے، لیکن اب وہ بھی انکاری ہیں،انہوں نے کہا کہ سائفر کے بارے میں پی ٹی آئی کا موقف سب کے سامنے ہے، اس کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا،انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے ایک نوٹس بھیجا ہے کہ میں وہاں پیش ہو جاﺅں، ہماری پٹیشن میں چوتھا نکتہ ایف آئی آر کے حوالے سے ہے کہ کیا حملے کی ایف آئی آر کٹوانے کا حق نہیں؟
پولیس کی مدعیت میں جو ایف آئی آر درج کرائی گئی اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، کاغذ کا ٹکڑا ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پارٹی میں سب کی بات سنتے ہیں، تحریک انصاف میں معاملات جمہوری طریقے سے چلائے جاتے ہیں، پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیان دینے پر شوکاز نوٹس نہیں دے سکتے؟شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کےخلاف کارروائی ہوئی وہ پارٹی پالیسی کے تحت کی گئی۔