لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم عدلیہ کے پیچھے نہ کھڑی ہوئی تو جمہوریت پر گہرے بادل چھا جائیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری پارٹیاں عمران خان کو جیل میں ڈالنے یا جان لینے پر تلی ہوئی ہیں، جس اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں وہ عدلیہ کی توہین پر تلی ہوئی ہے، حکومت چیف جسٹس کو رخصت پر بھیجنے کی باتیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سنگین ترین بحران میں ہے،
عمران خان کے پاس کال دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا، جو کچھ یہ کر رہے ہیں ان کے گلے پڑے گا، قانون اور آئین جیتے گا، الیکشن ہو کر رہیں گے، حکومت صدر سے الیکشن کی تاریخ کا اختیار واپس لینے جا رہی ہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام الیکشن کروانا ہے حکومت کی ترجمانی کرنا نہیں، پارلیمنٹ عدلیہ کا گھیرائو کرنے جا رہی ہے۔
بادشاہ کی تاج پوشی کیلئے شہزادے کے پاس وقت ہے، ملک کے سنگین مسئلے حل کرنے کے لیے نہیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے چھٹی، برآمدات میں کمی، ٹیکس وصولی میں ناکامی یہ ہے حکومت، پاکستان ایشیا میں مہنگائی میں صف اول پر آگیا ہے، خاقان عباسی کہتے ہیں مفت آٹا سکیم 100میں سے 40بوریاں چوری کی گئیں۔