مسرت جمشید چیمہ

قوم سپریم کورٹ کیساتھ کھڑی ہے ،90کی دہائی کا ری پلے نہیں کرنے دیا جائیگا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پوری قوم نے واضح کردیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اورب کسی کو 90کی دہائی کا ری پلے نہیں کرنے دیا جائے گا ،ملک پر مسلط چوروں اور لٹیروں کی ایسوسی ایشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ”واردات ”کے چکر میں ہے لیکن انہیں پیشگی متنبہ کررہے ہیں کہ کسی بھی اوچھے ہتھکنڈے کا قوم منہ توڑ جواب دے گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے آئین و قانون کی بحالی کے لیے ایک مضبوط فیصلہ دیا ہے،

عدلیہ کے جراتمندانہ فیصلے کے نتیجے میں پاکستان انارکی سے بچ گیاہے،اب انشااللہ عوام کے حقوق بحال ہوں گے اور انہیں اپنا فیصلہ کرنے کا اختیار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والی مریم نواز جمہوریت کے مد مقابل ولن کا کردار نبھانے کی بجائے عوام کے حالا ت پر ترس کھائے ۔ کیونکہ حکمران اتحاد جتنی مرضی کوشش کر لے عوام انہیں دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے عمران خان جو لازوال جدوجہد کر رہے ہیں اسے پاکستان تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔