شازیہ مری

قوم آج نالائق اور جھوٹے وزیراعظم کے رحم وکرم پر ہے، شازیہ مری

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ قوم آج نالائق اور جھوٹے وزیراعظم کے رحم و کرم پر ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کے آلوداعی دورے شروع ہو چکے ہیں ، آصف علی زرداری کے خلاف مہم جوئی کرنے والوں کے مقدر میں شرمندگی ہوگی، عمران خان کی معاشی ترقی کا راز خیرات اور صدقات کے رقم میں خورد برد ہے۔

شازیہ مری نے عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ چھوٹی موٹی چوری نہیں بڑے ڈاکے مارتے ہیں، ایل این جی کی خریداری میں اربوں روپے کی چوری اور صحت کارڈ کی آڑ میں 450 ارب روپے کا ڈاکہ میگا کرپشن ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ 10 ارب روپے میں بہت بڑا سرکاری اسپتال بن سکتا ہے، ان 10 ارب روپے سے مفت علاج اور ملازمین کی تنخواہ بھی مل سکتی ہے لیکن عمران خان اپنے کاروبار کی خاطر سرکاری اسپتال ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 25 سال تک سازشیوں کے مہرے کا کردار ادا کیا، جب ملک کا وزیراعظم سفارتی استثنا میں دورے کرے تو ملک کی عزت کون کرے گا۔