لاہور( رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ قومی لیڈر نواز شریف بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے اور وطن واپسی پر ان کا ایسا شایان شان استقبال ہوگا کہ عمران خان کی نام نہاد مقبولیت جھاگ کی طرح بیٹھ جائے گی ،عمران خان تاریخوں پر تاریخیں دینے کی بجائے اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کریں ان کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے کھوکھر پیلس میں حلقے سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں ، اکابرین اور کارکنان کے ساتھ آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورتی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ہی نہیں عوام بھی نواز شریف کی وطن واپسی کے شدت سے منتظر ہیں ،ان شا اللہ دلوں کے وزیراعظم بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں کے پاس پونے چار سالہ دور حکومت کی کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں اس لئے سیاسی مخالفین پر بہتان تراشی اور گالم گلوچ سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔عوام کو خوشحالی کے خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا لیکن اس کے باوجود انہیں ذرا بھی شرم نہیں آتی ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنا نام تبدیل کر کے یوٹرن خان اور تاریخ خان رکھ لینا چاہیے کیونکہ ان کی ساری سیاست یوٹرن لینے اور تاریخیں دینے کے گرد گھومتی ہے۔