سردار ایاز صادق 38

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل آئندہ پارلیمانی اجلاس میں شروع کیا جائے گا، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مذاکرات شروع کرنے کیلئے تاحال رابطہ نہیں کیا، مذاکرات میں میرا کردار صرف سہولت کار کا ہے ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل آئندہ پارلیمانی اجلاس میں شروع کیا جائے گا۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے میں نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا ، ان کی نماز جنازہ میں بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ شرکت کی ، بنگلہ دیش کے عوام کی جانب سے پاکستانی وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

ڈھاکہ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے خود آ کر مجھ سے مصافحہ کیا،ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں پارلیمانی اور عوامی سطح کے روابط کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے دورے کے دوران وہاں کے عوام سے جو والہانہ محبت ا ور خلوص ملا ، وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ ایوان میں اپنے کردار میں مکمل طور پر خودمختار ہیں ، کمیٹی نظام آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل فعال ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے مذاکرات میں میرا کردار صرف سہولت کار ہے، اپوزیشن نے ڈائیلاگ شروع کرنے کیلئے ابھی تک باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق چیف وہپ کو اب تک چار خطوط ارسال کئے جا چکے ہیں،

چوتھے خط کے جواب میں اپوزیشن نے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی جمع کروائی، آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا آئینی عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کے دستخطوں کی جانچ اور تصدیق کے بعد کارروائی آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک مدبر، دوراندیش اور زیرک سیاسی رہنما ہیں۔ وزیر اعظم سے تمام آئینی اور قانونی معاملات میں راہنمائی لیتا رہوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں