قومی اسمبلی اجلاس

قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا جبکہ وزارت خزانہ اور وزارت اقتصادی امور نے تحریری جوابات میں ایوان کو بتایا ہے کہ کابینہ ڈویژن نے جون 2019میں قرض پر تحقیقاتی کمیشن قائم کیا، تحقیقاتی کمیشن نے آج تک کابینہ ڈویژن کو کوئی رپورٹ جمع نہیں کروائی ہے ، جولائی 2018سے جون 20121کے دوران کل سرکاری قرض میں 14.9ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا ، بیرونی ممالک اور تنظیموں نے کووڈ 19کے ریسپانس کے ضمن میں پاکستان کو کل 4250.8ملین ڈالر کی رقم دینے کا وعدہ کیا ہے ، اس میں 10نومبر 2021تک 3632.7ملین ڈالر کی رقم کی ادائیگی کی جا چکی ہے ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عامر ڈوگر کو تحریک پیش کرنے کی ہدایت کی،عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے چیمبر کو او آئی سی کی وزراء خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے لئے زیر استعمال لانے سے متعلق تحریک پیش کر ہی رہے تھے کہ اپوزیشن ارکان نے تحریک کے بارے میں استفسار کرنا شروع کر دیااور جواب نہ ملنے پر کورم کورم کی آوازیں لگانا شروع کر دیں، ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن کی آوازوں کو نظر انداز کرتے ہوئے تحریک پر رائے شماری کرائی جس کے بعد انہوں نے تحریک کو منظور قرار دیتے ہوئے اجلاس کی کاروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔

دوسری جانب رکن اسمبلی نفیسہ شاہ کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ کابینہ ڈویژن نے جون 2019 میں قرض پر تحقیقاتی کمیشن قائم کیا، تحقیقاتی کمیشن نے آج تک کابینہ ڈویژن کو کوئی رپورٹ جمع نہیں کروائی ہے ، جولائی 2018 سے جون 20121 کے دوران کل سرکاری قرض میں 14.9ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا ، حکومت نے سود کے عوض 7.5 ٹریلین روپے کی ادائیگی کی جو کہ کل سرکاری قرض میں اضافے کا 50فیصد ہے ، ایکسچینج ریٹ میں کمی کی وجہ سے سرکاری قرض میں تقریبا 2.9 ٹریلین اضافہ ہوا، یہ اضافہ ادھار لینے کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ سے روپے کی مد میں بیرونی قرض کو دوبارہ شمار کرنے کی وجہ سے ہوا،رکن اسمبلی نوید عامر جیوا کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت اقتصادی امور نے ایوان کو بتایا کہ بیرونی ممالک اور تنظیموں نے کووڈ 19کے ریسپانس کے ضمن میں پاکستان کو کل 4250.8 ملین ڈالر کی رقم دینے کا وعدہ کیا ہے ، اس میں 10 نومبر 2021تک 3632.7ملین ڈالر کی رقم کی ادائیگی کی جا چکی ہے